تازہ ترین
بعض سیاست دانوں نے اسلام کو سیاسی دکان چمکانے کیلئے استعمال کیا، وزیراعظم

بعض سیاست دانوں نے اسلام کو سیاسی دکان چمکانے کیلئے استعمال کیا، وزیراعظم

اسلام آباد: (08 فروری 2019) وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام الناس کی تاریخ اور حقائق سے نا آشنائی مفاد پرست عناصر کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ تاریخ اور حقائق کو مسخ کرتے ہوئے اپنے مفادات کیلئے استعمال کریں جبکہ بعض سیاست دانوں نے اپنی دکان چمکانے کیلئے اسلام کا استعمال کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نئی نسل کو اسلامی تاریخ اور شاعرمشرق علامہ اقبال کے فلسفے اور سوچ سے روشناس کرانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیرتعلیم شفقت محمود، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری ، ترجمان ندیم افضل چن، معاونین خصوصی افتخار درانی، یوسف بیگ مرزا، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس خان، ماہر تعلیم و اقبالیات رضا ہمدانی اور ڈاکٹر رضا گردیزی نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی و سماجی تنزلی سے پہلے اخلاقی تباہی واقع ہوتی ہے اور کرپشن اخلاقی تباہی کا مظہر ہے، عوام الناس کی تاریخ اور حقائق سے نا آشنائی مفاد پرست عناصر کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ تاریخ اور حقائق کو مسخ کرتے ہوئے اپنے مفادات کیلئے استعمال کریں، اور پاکستان میں بعض سیاست دانوں نے اسلام کو اپنی سیاسی دکان چمکانے کیلئے استعمال کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے اقبالیات اور اسلامی تاریخ کو نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اسلام کی تاریخ اور مسلمانوں کے سب سے بڑے مفکر علامہ اقبال کی سوچ سے روشناس کرایا جا سکے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ انسان کی سوچ کو آزاد اور تخیل کو بلندی فراہم کرتا ہے جبکہ اسلام اخلاقیات کا درس دیتا ہے، ریاست مدینہ کے اصول آج بھی اسی طرح مسلم ہیں جس طرح اسلام کے ابتدائی دور میں ان کی اہمیت تھی، انہی پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں نے انتہائی قلیل عرصے میں دنیا کی امامت سنبھالی، آج بھی ہم ریاستِ مدینہ کے بنیادی اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top