تازہ ترین
اگر آپ اپنے دوستوں کی تعداد میں اضافہ چاہتے ہیں تو رات کو یہ ایک کام شروع کردیں

اگر آپ اپنے دوستوں کی تعداد میں اضافہ چاہتے ہیں تو رات کو یہ ایک کام شروع کردیں

ویب ڈیسک: (16 اگست 2018) اچھا دوست ایک انمول تحفہ ہے اور اسی لئے تو ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے ڈھیر سارے دوست ہوں، مگر سب اتنے خوش قسمت نہیں ہوتے کہ ہر کوئی ان سے دوستی کا خواہشمند ہو۔ لیکن کیا یہ معاملہ صرف قسمت کا ہے؟ نہیں، سائنسدانوں کے خیال میں یہ قسمت سے زیادہ نیند کا معاملہ ہے۔

جی ہاں، ایک حالیہ تحقیق میں سائنسدانوں نے دوستوں کی تعداد اور اچھی نیند کے درمیان تعلق دریافت کر لیا ہے۔ یہ تحقیق کار کہتے ہیں کہ اگر آپ کو زیادہ دوستوں کی خواہش ہے تو اپنی نیند پوری کیجئے کیونکہ نیند کی کمی آپ کو لوگوں کی توجہ سے محروم اور سماجی میل جول سے لاتعلق کردیتی ہے۔

اس معاملے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ نیند سے محروم لوگ خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں، ہر وقت تھکے ہوئے اور پریشان نظر آتے ہیں، اور دیگر افراد کے ساتھ میل جول کی ان کی خواہش بھی ماند پڑجاتی ہے۔ ایک جانب وہ نیند کی کمی کے باعث سماجی تنہائی محسوس کرتے ہیں اور دوسری جانب ان کی یہ نفسیاتی کیفیت لوگوں پر ان کا بہت بُرا تاثر چھوڑ رہی ہوتی ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کوئی بھی ان افراد میں دلچسپی لینے کی زحمت نہیں کرتا۔

یہ دلچسپ تحقیق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ ان سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو لوگ نیند پوری کرتے ہیں وہ جب بھی کسی ایسے شخص سے ملتے ہیں جو نیند سے محروم ہوتا ہے تو انہیں قدرتی طور پر اس سے دور رہنے کی رغبت محسوس ہوتی ہے۔ نیند پوری کرنے والے لوگ ہشاش بشاش ہوتے ہیں اور وہ فطری طور پر ہشاش بشاش لوگوں کی جانب ہی مائل ہوتے ہیں۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ یہ بات کامن سینس کے قریب تر ہے کہ ایک خوش باش شخص کیونکر چاہے گا کہ وہ ایک پریشان حال اور تھکاوٹ سے مارے ہوئے شخص کے ساتھ بیٹھ کر اپنا وقت برباد کرے۔

تحقیق کی سربراہی کرنے والے سائنسدان ڈاکٹر میتھیو واکر کا کہنا تھا کہ ”سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن“ کی جانب سے تجویز کردہ کم از کم نیند تقریباً 7 گھنٹے ہے۔ مختلف افراد کی ضرورت مختلف ہوسکتی ہے لیکن بہرحال آپ کو اتنی نیند ضرور لینی چاہیے جس سے آپ خود کو مطمئن اور چاق و چوبند محسوس کریں۔ بعض افراد کے لئے نیند کا یہ دورانیہ 8 سے 9 گھنٹے ہوسکتا ہے اور بعض افراد کے لئے یہ 6 سے 7 گھنٹے بھی ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: احد چیمہ سے اہلیہ کی ملاقات کرادی گئی

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top