تازہ ترین
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے

اسلام آباد: (07 اگست 2018) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفیکیشن رو ک دیئے گئے جبکہ تین حلقوں کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کر دیئے گئے ہیں اور جن حلقوں میں عدالت کی جانب سے حکم امتناع ہے ان حلقوں کے نتائج روک دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفیکیشن بھی رو ک دیا گیا ہے جبکہ دیگر تین حلقوں کو مشروط قرار دے دیا گیا ہے۔ عمران خان کے پانچ حلقوں میں این اے 35، این اے 53، این اے 243، این اے 95 اور این اے 131 شامل ہیں۔ تاہم این اے 53 اور این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کا بھی این اے 25 نوشہرہ سے کامیابی کا نوٹیفکیشن روک لیا گیاہے۔ پرویز خٹک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کے فیصلے سے مشروط ہے۔

ادھر الیکشن کمیشن حکام کے مطابق عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کر دیئے گئے ہیں اور جن حلقوں میں عدالت کی جانب سے حکم امتناع ہے ان حلقوں کے نتائج روک دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔

کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔

آٹھ اگست کو سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستوں کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 9 اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے جائیں گے۔

بعدازاں صدر پاکستان قومی اور چاروں صوبوں کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔

پہلے اجلاس میں منتخب اراکین خود حلف اٹھانے کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائدِ ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

شوکت یوسف زئی کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن روکنے کا حکم

 

Comments are closed.

Scroll To Top