تازہ ترین
افغانستان: طالبان نے تین مسافر بسوں کو یرغمال بنا کر 21 افراد کو اغوا کرلیا

افغانستان: طالبان نے تین مسافر بسوں کو یرغمال بنا کر 21 افراد کو اغوا کرلیا

کابل:(20 اگست 2018) افغانستان میں طالبان نے تین مسافر بسوں کو یرغمال بنا کر 21 افراد کو اغوا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق طالبان نے قندوز کے علاقے میں گزشتہ شب تین مسافر بسوں کو یرغمال بنالیا جس میں مجموعی طور پر 170 افراد سوار تھے جن میں سے 149 مسافروں کو جانے دیا جبکہ 21 افراد کو سیکیورٹی اہلکار ہونے کے شبے میں طالبان اپنے ہمراہ لے گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ 21 افراد کو طالبان کے قبضے سے رہا کرانے کیلئے سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران 7 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ آپریشن مغویوں کی بازیابی تک جاری رہے گا۔مسافر بسیں قندوز صوبے کے ہائی وے سے کابل کی جانب جارہی تھیں، یہ علاقہ طالبان کے زیر تسلط ہے۔

طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بسوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔ جانچ پڑتال کے بعد 149 مسافروں کو جانے دیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کے 99 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر اشرف غنی نے تین ماہ کیلئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ تاہم یہ سیز فائر طالبان کی جانب سے کارروائی نہ کرنے سے مشروط ہے۔ دوسری جانب طالبان نے افغان حکومت کے طرف سے کی جانے والی جنگ بندی کی مشروط پیشکش مسترد کر دی ہے۔

افغان طالبان نے حکومتی پیشکش مسترد کرتے ہوئے اپنے حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے صرف امریکا کو ہی فائدہ ملے گا جس کی وجہ سے حملے نہیں روکے جائیں گے۔ گذشتہ روز افغان صدر نے تین ماہ کی مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کا پاکستان حکومت کی جانب سے بھی خیرمقدم کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل سے حملہ

اسرائیل نے غزہ کا راستہ بند کردیا

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top