تازہ ترین
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات

تہران: (9 دسمبر 2018) پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات۔ حسن روحانی نے پاکستان اورایران کے درمیان تجارت، معیشت، توانائی اورسیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون پر زوردیا ہے۔

تہران میں ہونے والی دوسری اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقا ت میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں جس کی بنیاد تاریخ اور عظیم تہذیب ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان کے ایران کے ساتھ قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔اسد قیصر نے مسئلہ کشمیر پرحمایت کرنے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل تہران میں دوسری اسپیکرز کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وافر توانائی، انسانی اور قدرتی وسائل اور مستحکم ثقافتی ورثہ شاندار اثاثہ ہیں جنہیں ہمارے اجتماعی فائدے کیلئے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیاب کارروائیوں سے ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ اسپیکرز کانفرنس کے طے شدہ میثاق کے مطابق اسپیکرز کانفرنس کی صدارت ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی کو منتقل کردی گئی۔

Comments are closed.

Scroll To Top