تازہ ترین
اداکار عامر خان کا جنسی ہراسانی میں ملوث ہدایتکار کی فلم چھوڑنے کا اعلان

اداکار عامر خان کا جنسی ہراسانی میں ملوث ہدایتکار کی فلم چھوڑنے کا اعلان

ویب ڈیسک:(11 اکتوبر 2018) بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے جنسی ہراسانی میں ملوث ہدایتکار کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے فلم چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

بالی ووڈ میں ’’می ٹو‘‘ مہم کے تحت ایک جانب خواتین اپنے ساتھ ہوئی زیادتی پرآواز اٹھارہی ہیں وہیں دوسری جانب انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگرافراد اس مہم کی حمایت کرتے نظرآرہے ہیں۔

حال ہی میں اداکار عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ نے خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے معاملے پرآواز اٹھاتے ہوئے ٹوئٹرپراس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہےاور جنسی ہراسانی میں ملوث ہدایت کار کی فلم چھوڑنے کااعلان کیا ہے۔

اداکارعامر خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ عامرخان پروڈکشن کمپنی نے ہمیشہ جنسی ہراسانی اور بدسلوکی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنائی ہے، ہم ہرطرح کی جنسی ہراسانی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ عامر خان نے اپنی اگلی فلم کے حوالے سے لکھا ’’می ٹو‘‘ مہم سامنے آنے کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ جس ہدایت کار کے ساتھ ہم اپنا اگلا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں اس پر بھی اسی طرح کے الزامات ہیں جب کہ مزید معلومات کرنے پر یہ علم ہوا کہ معاملہ عدالت میں ہے۔اداکار نے کہا کہ ہم نے اس کیس کا کوئی بھی نتیجہ اخذ ہونے سے قبل ہی خود کو اس فلم سے الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ خواتین لمبے عرصے سے جنسی ہراسانی کا شکار ہورہی ہیں، اب اس عمل کو بند ہونا ہوگا اورہم اپنی فلم انڈسٹری کو محفوظ اور پُر امن بنانے کے لیے کچھ بھی کریں گے۔ عامر خان نے لکھا کہ وہ اس تحریک پر یقین رکھتے ہیں جس نے لوگوں کو ان کے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی کے خلاف کھل کربولنے کاموقع دیا ہے۔

عامر خان نے اپنی پوسٹ میں نہ تو فلم کا نام بتایا ہے اور نہ ہی اُس ہدایت کار کا جس پر جنسی ہراسانی کا الزام ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان فلم ’’جولی ایل ایل بی‘‘ کے ہدایت کارسبہاش کپور کے ساتھ اگلی فلم ’’موگل‘‘ کا پروجیکٹ شروع کرنے والے تھے تاہم دو ہزار چودہ میں ان پر ایک خاتون نے جنسی ہراسانی کاالزام لگایا تھا اور یہ معاملہ اب تک عدالت میں ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔جس کے بعد سے بالی ووڈ فلم نگری میں ایسے کئی کیسز سامنے آئے اور وکاس بہل، رجت کپور اور آلوک ناتھ پر بھی جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گلوکار کیلاش کھیر پر بھی جنسی ہراسانی کا الزام عائد

اداکار نانا پاٹیکر جنسی ہراسانی پر می ٹو مہم کی زد میں آ گئے

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top