تازہ ترین
ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی 77ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی 77ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

ویب ڈیسک (17 جنوری 2018) تحریک استقلال کے بانی ائیر مارشل ر محمد اصغر خان کی 77ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ اصغر خان رواں ماہ کی پانچ تاریخ کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

اصغر خان کو پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ 17 جنوری 1921 کو مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد بریگیڈئیر رحمت اللہ خان کا تعلق شمالی وزیرستان کی وادی تیرہ سے تھا جو برطانوی فوج کے لئے کشمیر میں ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ واضح رہے کہ ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان سابق وفاقی وزیر عمر اصغر خان کے والد ہیں۔

اصغر خان 1957 میں ایئر چیف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اس وقت ان کی عمر 36 سال تھی اور وہ کم عمر ترین فضائیہ کے سربراہ تھے۔ قیام پاکستان کے بعد اصغر خان خاندان سمیت ایبٹ آباد منتقل ہوئے جہاں انہوں نے مستقل سکونت اختیار کی اور ان کے چھوٹے بھائی کے علاوہ تمام بھائیوں نے پاکستان آرمڈ فورسز میں خدمات انجام دیں۔

اصغر خان نے 1939 میں انڈین آرمی میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور 1940 میں انڈین ایئر فورس میں شامل ہوئے۔ انہوں نے 45-1944 میں برما مہم میں کمانڈ کی۔ قیام پاکستان کے بعد 1947 میں ہی اصغر خان پاکستان ایئر فورس کے پہلے کمانڈنٹ بنے اور 1950 میں انہیں پاک فضائیہ کے پہلے ایئر آپریشن کے ڈائریکٹر جنرل ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

انیس سو ستر میں اصغر خان نے سیاست میں قدم رکھا اور تحریک استقلال نامی جماعت کی بنیاد رکھی۔ اسی سال انہیں انتخابات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 1977 میں ہونے والے انتخابات میں بھی ان کی جماعت خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر پائی۔ اصغر خان نے 2012 میں اپنی جماعت کو تحریک انصاف میں ضم کیا جس کے بعد انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

اصغر خان پانچ جنوری 2018 کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ انہیں ایبٹ آباد میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے مرحوم ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کو فضائی سلامی پیش کی گئی۔ پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر مارشل ر اصغر خان کی نماز جنازہ پی اے ایف بیس نور خان میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں ملک کی اعلیٰ شخصیات اور مسلح افواج کے افسران شریک ہوئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی کابینہ کےاراکین، مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ سے قبل پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے اصغر خان مرحوم کو سلامی دی۔

ان کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے

دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کئی پروازیں تاخیر کا شکار

سکھر ائیرپورٹ کا لاؤنج لنگر خانے میں تبدیل

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top