تازہ ترین
آئی جی پنجاب کو حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ہٹایا گیا ہے، فواد چوہدری

آئی جی پنجاب کو حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ہٹایا گیا ہے، فواد چوہدری

لاہور: (09 اکتوبر 2018) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے آئی جی پنجاب محمد طاہر کو عہدے سے فارغ کرنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر خان نے حکومتی ٹاسک کو پورا نہیں کیا۔ موجود ہ حکومت میں عہدے پر وہی رہے گا جو کام کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے بیوروکریسی کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہمیں صرف کام چاہیے۔ آئی جی پنجاب سے ادارہ جاتی معاملات پر تساہل ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب طاہر خان کو حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ہٹایا گیا ہے۔

دوسری جانب ضمنی انتخابات تک امجد جاوید سلیمی کی آئی جی پنجاب تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سے دو روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 14 اکتوبر کو ملک میں ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔ ضمنی انتخابات سے متعلق واضح ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ہر قسم کے تقرر و تبادلے اور ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد ہے۔

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کی تبدیلی پر چیف سیکریٹری سے جواب طلب کرلیا ہے۔اس سے قبل وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب پولیس طاہر خان کو ایک ماہ دو دن بعد ہی تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو آئی جی پنجاب تعینات کیا جن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

امجد جاوید سلیمی کا تعلق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے،آپ نے یکم نومبر 1986ء کو بطور اے ایس پی پولیس سروس جوائن کی۔ ان کی سب سے پہلی تعیناتی اے ایس پی اوگی ضلع مانسہرہ تھی۔ ایس پی کے طور پر انہوں نے اے آئی جی ٹریننگ اور گوجرانوالہ اور میانوالی کے ڈی پی اوز کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اقوام متحدہ کے امن مشن پر بوسنیا میں ڈیڑھ سال تعینات رہے۔

اقوام متحدہ امن مشن سے واپسی پر ڈی پی او ساہیوال اور سیالکوٹ رہے جس کے بعد ان کی تعیناتی اسپیشل برانچ پنجاب میں ہوگئی،پھر ان کا تبادلہ بلوچستان ہوا جہاں وہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور سی سی پی او کوئٹہ رہے۔بلوچستان سے پھر پنجاب تبادلہ ہوا اور پھر وہ ڈی پی او جھنگ، اے آئی جی فنانس پنجاب، ڈی آئی جی ایلیٹ پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او ساہیوال، آر پی او سرگودھا، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، آر پی او ملتان اور ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ ہائی ویز رہے، امجد جاوید سلیمی کو نگران حکومت نے آئی جی سندھ بھی تعینات کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کے تبادلے کا نوٹس لے لیا

امجد جاوید سلیمی آئی جی پنجاب تعینات

 

Comments are closed.

Scroll To Top